تہران28جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوموں کے بیچ دیواریں کھڑی کرنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ تہران میں آج انہوں نے کہا امریکا بھول چکا ہے کہ دیوار برلن کو منہدم ہوئے کئی سال بیت چکے ہیں اور اگر اقوام کے بیچ کوئی دیوار ہے بھی تو اسے ختم کر دینا چاہیے۔ روحانی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر ایک دیوار تعمیر کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے ایران سمیت سات مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی امریکا آمد پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔